فحش سائٹس پر لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے نازیبا مواد شیئر کرنے والا گینگ گرفتار
راولپنڈی/اسلام آباد(بولونیوز) فحش اور نازیبا ویڈیوز کی آن لائن لائیو اسٹریمنگ میں ملوث ایک منظم گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے Rawat Police نے 11 ملکی و غیر ملکی افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں ملکی و غیر ملکی مرد و خواتین شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان میں دو غیر ملکی اور دو پاکستانی مرد جبکہ ایک غیر ملکی خاتون سمیت سات خواتین شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران موقع سے پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
روات پولیس نے بتایا کہ ملزمان فحش سائٹس پر لائیو اسٹریمنگ کے لیے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل آلات استعمال کر رہے تھے، جو پولیس نے قبضے میں لے لیے ہیں۔ ملزمان مختلف ویب سائٹس پر فحش ویڈیوز اپلوڈ کرنے میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج کر کے تمام گرفتار افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ تفتیش کے دوران اہم انکشافات متوقع ہیں۔ گینگ کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
تفتیش کا دائرہ کار مزید بڑھانے کے لیے NCCI سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کے استحصال یا زیادتی میں ملوث افراد کسی صورت قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، اور قانون شکنی میں ملوث ہر شخص کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


