ایڈیشنل کمشنر کراچی کا ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی و دیگر کے ہمراہ نشتر پارک اور باغِ جناح کا دورہ

کراچی(بولونیوز)ایامِ عاشورہ کےسلسلےمیں ایڈیشنل کمشنرکراچی غلام مہدی شاہ نےڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نصیر اللہ عباسی کے ہمراہ یوسی 2 نشترپارک اوریوسی 10/11 باغِ جناح کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ٹاؤن چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے جلوسوں اور مجالس کے انتظامات، صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بالخصوص ملک بھر سے آنے والے عزادارانِ حسینیؑ کی سہولت کےلیےنشتر پارک اور باغِ جناح میں پورٹیبل واش رومز کی تنصیب سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات پر بریفنگ دی۔ وفد نے جلوسوں کی گزرگاہوں، مجالس کے اطراف جاری انتظامات، صفائی کے اقدامات، روشنی کے نظام اور دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔دورے میں وائس چیئرمین حامد نوازخان، ایس ایس پی ضلع شرقی زبیر نظیر احمد شیخ، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ طارق نظامانی، ڈائریکٹر ایسٹ نعمان وحید، ڈائریکٹر ساؤتھ امتیاز بھٹو، واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حسینیؑ کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جبکہ صفائی، روشنی، سڑکوں کی بحالی اور دیگر ترقیاتی و انتظامی کام عاشورہ سے قبل مکمل کر لیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *