اسحاق ڈاراورعباس عراقچی کا ٹیلیفونک رابطہ، ایران کی حالیہ صورتحال میں کشیدگی کم کرنےکی درخواست

اسلام آباد(بولونیوز)وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی پیش رفت اور سلامتی کی صورتحال پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے حالیہ حالات کے تناظر میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان سے مؤثر کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

عباس عراقچی نے لبنان میں اسرائیلی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے خطے میں عدم استحکام بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بیروت کے بعض علاقوں پر اسرائیل کی جانب سے ممکنہ حملوں کے احکامات پر بھی تشویش ظاہر کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات، تحمل اور سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں، اور پاکستان کشیدگی میں کمی کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *