گھوٹکی اور کشمور میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچا دی، 3 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی
گھوٹکی / کشمور(بولونیوز)سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آنے والے شدید مٹی کے طوفان اور آندھی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ گھوٹکی اور کشمور میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک بچی سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
گھوٹکی اور اس کے گردونواح میں آندھی کے باعث درخت، دیواریں اور سولر پلیٹیں گرنے سے متعدد حادثات پیش آئے، جن میں ایک بچی جاں بحق اور 60 افراد زخمی ہوئے۔ اسسٹنٹ کمشنر گھوٹکی کے مطابق شدید آندھی کے نتیجے میں مختلف مقامات پر نقصانات ہوئے اور تحصیل اسپتال اوباڑو میں 50 زخمیوں کو لایا گیا، جبکہ ڈہرکی اسپتال میں 5 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔
کشمور میں آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ تیز ہواؤں نے گھروں، دکانوں اور دیگر تعمیرات کو نقصان پہنچایا۔
پنجاب کے ضلع راجن پور میں بھی طوفان کے باعث درخت، سائن بورڈز، بجلی کے کھمبے اور تاریں ٹوٹ گئیں، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
ادھر سندھ کے ضلع دادو کے سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن میں بھی طوفان کے باعث ہٹس کی چھتیں اڑ گئیں، جس سے سیاحوں اور عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔ شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


