شدید گرمی میں پولیس اہلکاروں کے تحفظ کے لیے حیدرآباد پولیس کے خصوصی اقدامات
حیدرآباد(بولونیوز)شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیشِ نظر حیدرآباد پولیس نے ڈیوٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں کے تحفظ کے لیے خصوصی انتظامات کر لیے ہیں۔ یہ اقدامات انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو کی ہدایات پر کیے گئے ہیں، جن پر ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو اور ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کے احکامات کے مطابق عملدرآمد جاری ہے۔ اقدامات کی نگرانی ایس پی ہیڈکوارٹر زین رضا بلوچ کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق شہر بھر میں مختلف چیک پوسٹس، ناکہ بندی پوائنٹس، ٹریفک سگنلز، ٹریفک پوائنٹس اور اہم مقامات پر اہلکاروں کے لیے سایہ دار چھتریوں اور عارضی شیڈز کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کو ٹھنڈے مشروبات اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ انہیں ہیٹ اسٹروک اور شدید گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سخت موسمی حالات کے باوجود خوش اخلاقی، صبر اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں، اور عوام خصوصاً بزرگوں، بچوں اور مسافروں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران اہلکاروں کی صحت اور عوامی سہولت دونوں اولین ترجیحات ہیں، اور اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔


