مستقبل کی جنگ کا فیصلہ سیکنڈوں میں ہوگا، لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا

اسلام آباد(بولونیوز)پاکستانی آرمی راکٹ فورس کے نو مقرر کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور بھارت کے جارحانہ عزائم پر کھل کر بات کرتے ہوئے پاکستان کا واضح اور مضبوط مؤقف دنیا کے سامنے رکھ دیا۔

اپنے ایک کلیدی خطاب میں انہوں نے کہا کہ روایتی جنگی نظریات اب تبدیل ہو چکے ہیں اور موجودہ دور میں جنگ کے فیصلے کے لیے دستیاب وقت انتہائی محدود ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں اسٹریٹجک گہرائی کی کمی اور کم فاصلے کے باعث فیصلہ سازی کا دورانیہ (Compressed Decision Window) سکڑ چکا ہے، جو آج کے دور کا سب سے بڑا سیکیورٹی چیلنج بن چکا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا کے مطابق بیلسٹک میزائلوں کا فلائٹ ٹائم اب صرف 180 سے 300 سیکنڈز رہ گیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ مستقبل کی کسی بھی ممکنہ جنگ کا فیصلہ منٹوں میں نہیں بلکہ سیکنڈوں میں ہو گا۔

دفاعی ماہرین کے مطابق نو تشکیل شدہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے سربراہ کا یہ بیان پاکستان کے دفاعی نظریے (ملٹری ڈاکٹرائن) میں ایک بڑی اور اہم تزویراتی تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے، جو بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں نہایت معنی خیز قرار دی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *