کراچی میں پانی کی سپلائی بند، ٹینکر کی قیمت میں 200 فیصد اضافہ

کراچی(بولونیوز)شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹرز میں 27 دن سے پانی کی سپلائی بند ہے جبکہ عزیز آباد کے مختلف بلاکس میں 10 دن سے پانی کی سپلائی معطل ہے۔نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، نیو کراچی میں بھی 15 دن سے پانی کی فراہمی معطل ہے، گلشن اقبال کے مختلف بلاکس میں بھی پانی کی قلت سے عوام پریشان ہیں۔

ادھر کورنگی، لانڈھی، ابراہیم حیدری میں بھی 5 روز سے پانی کی سپلائی بند ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کی فراہمی بند ہونے کے بعد ٹینکر مافیا نے قیمت میں 200 فیصد اضافہ کردیا ہے۔واضح رہے کہ 29 مارچ کو پانی کی لائن پھٹ گئی تھی ، کارپوریشن نے بتایا تھا کہ بلدیہ ٹاؤن کو پانی کی فراہمی کے دوران اچانک پانی کی لائن متاثر ہوئی، متاثرہ لائن سے پانی نکالنے کا عمل شروع ہو چکا ہے، کارپوریشن کی تکنیکی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں۔

مزید بتایا گیا تھا کہ ڈی واٹرنگ مکمل ہوتے ہی مرمتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا، کارپوریشن کی جانب سے مرمتی کام ہنگامی بنیادوں پر جلد مکمل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بلدیہ کے علاوہ شہر کے دیگر تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، مرمتی کام مکمل ہوتے ہی بلدیہ ٹاؤن کو شیڈول کے مطابق پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *