محکمہ موسمیات کی مئی تا جولائی بھاری بارشوں اور شدید گرمی کی پیش گوئی
کراچی(بولونیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں مئی سے جولائی 2026 کے دوران معمول سے زیادہ بارشوں اور شدید گرمی کی لہروں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج 6 مئی کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور قدرے گرم رہے گا، تاہم شمالی علاقوں میں ہلکی بارش اور بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش ہو سکتی ہے۔
پیش گوئی کے مطابق مئی کے دوران ملک کے شمالی، وسطی اور کچھ جنوبی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، شمالی و وسطی پنجاب اور شمالی بلوچستان شامل ہیں۔شمالی پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ، مری اور دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہاٹ اور دیگر اضلاع میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مئی کے وسط کے بعد بارشوں کے سلسلوں میں اضافہ ہو سکتا ہے اور ایک سے دو مضبوط سسٹمز بھی ملک کو متاثر کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب درجہ حرارت میں اضافے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے، خاص طور پر جنوبی علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ وسط مئی کے بعد شدید گرمی کی لہریں بھی متوقع ہیں۔موسمی ماہرین کے مطابق مئی سے جولائی کے دوران مجموعی طور پر شمالی علاقوں میں زیادہ بارشیں جبکہ جنوبی علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق یا کم رہنے کا امکان ہے۔
بارشوں کے باعث شمالی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صورتحال میں تبدیلی کا انحصار سمندری درجہ حرارت اور مون سون سسٹم کی شدت پر ہوگا۔


