پی ٹی اے ٹربیونل میں ممبر فنانس کی تعیناتی کا حکم، 18 مئی تک عمل نہ ہوا تو وزیراعظم طلب
اسلام آباد(بولونیوز)ہائیکورٹ نے پی ٹی اے ٹریبونل میں ممبر فنانس کی عدم تعیناتی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 18 مئی تک تعیناتی کا واضح حکم دے دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر 18 مئی تک پی ٹی اے ٹریبونل میں ممبر فنانس تعینات نہ کیا گیا تو وزیراعظم پاکستان خود عدالت میں پیش ہو کر عدم تعیناتی کی وجہ بتائیں گے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سیکرٹری کابینہ اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایک ریٹائرڈ جج کو ٹریبونل کا ممبر تعینات کیا گیا ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ججز نے تو زیادہ بیڑا غرق کیا ہوا ہے اور انہیں ٹریبونلز میں جانے کا غیر معمولی شوق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات کو انہیں سیلوٹ یاد آتے ہیں تو وہ سونے نہیں دیتے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ کوئی این آئی آر سی میں چلا جاتا ہے اور کوئی کسی اور ٹریبونل میں، مگر اداروں میں تعیناتی کا عمل شفاف، بروقت اور قواعد کے مطابق ہونا چاہیے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 18 مئی تک ملتوی کر دی ہے۔


