دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 7 پمپ 48 گھنٹے کیلئے بند، کراچی میں پانی کی شدید قلت کا خدشہ

کراچی(بولونیوز)شہر میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے کیونکہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 9 میں سے 7 پمپ آج سے 48 گھنٹوں کے لیے بند رہیں گے۔

ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن کے مطابق آج دوپہر سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی لائن کو واٹر نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا، جس کے باعث عارضی طور پر پمپ بند کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق 27 اپریل کو 7 پمپس دوبارہ بحال کر دیے جائیں گے، تاہم 2 پمپس مزید 5 روز تک بند رہیں گے۔واٹر کارپوریشن کے مطابق اس دوران شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگی، جن میں نارتھ کراچی، سرجانی، اسکیم 33 اور گلستانِ جوہر شامل ہیں۔ اسی طرح گلشن اقبال، صدر، لانڈھی، کورنگی اور چنیسر ٹاؤن کے کچھ حصوں میں بھی پانی کی سپلائی معطل رہے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ نیپا، صفورا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے، جبکہ شہر کو روزانہ تقریباً 250 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی احتیاط سے استعمال کریں اور غیر ضروری ضیاع سے گریز کریں تاکہ مشکل وقت میں صورتحال کو بہتر طریقے سے سنبھالا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *