فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات
تہران(بولونیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات ہوئی ہے، جسے خطے کی سفارتی ورتحال کے تناظر میں غیرمعمولی اہمیت حاصل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ ملاقات ایران اور امریکا کے درمیان کسی ممکنہ معاہدے پر پیش رفت کے لیے جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کا حصہ ہے، جس میں پاکستان فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ تہران اس حوالے سے نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں مصروف دن گزارا، جہاں انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ باقر قالیباف کو ایرانی حکومت میں ایک بااثر شخصیت تصور کیا جاتا ہے اور وہ اس سے قبل اسلام آباد آنے والے ایرانی وفد کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورۂ تہران امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی عمل کا حصہ ہے، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کی اہم عسکری شخصیت، کمانڈر خاتم الانبیا سے بھی ملاقات کی، جس میں دفاعی اور اسٹریٹجک امور زیرِ بحث آئے۔یہ دورہ خطے میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔


