بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا، ملک بھر میں طویل لوڈشیڈنگ
کراچی(بولونیوز)ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کا بحران مزید سنگین ہو گیا ہے، جس کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کا شارٹ فال تقریباً 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف شہروں میں طویل بجلی بندش جاری ہے۔
کراچی کے متعدد علاقوں میں شہریوں کو 10،10 گھنٹے تک بجلی کی بندش کا سامنا ہے، جبکہ راولپنڈی میں بھی 8 سے 10 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق طویل لوڈشیڈنگ نے روزمرہ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے اور کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ توانائی پاکستان نے صورتحال کے پیش نظر صنعتوں کو بھی لوڈشیڈنگ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ بند پاور پلانٹس کو دوبارہ فعال کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


