اقرار الحسن کا 21 سال بعد اے آر وائی نیٹ ورک سے استعفیٰ، عوام راج تحریک کو ترجیح دینے کا اعلان

کراچی(بولونیوز)اقرار الحسن نے 21 سال کے طویل عرصے کے بعد اے آر وائی نیٹ ورک سے اپنے استعفے کا اعلان کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں اقرار الحسن نے کہا کہ انہیں چینل اور اپنی سیاسی و سماجی تحریک عوام راج تحریک میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا تھا، اور انہوں نے عوام راج تحریک کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 21 سال کا یہ سفر ان کے لیے یادگار اور شاندار رہا، جس میں بے شمار یادیں اور تجربات شامل ہیں۔ اقرار الحسن کے مطابق وہ اس طویل عرصے کے دوران ناظرین کی محبتوں اور دعاؤں کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے اپنے مقبول پروگرام سرعام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کو ملنے والی پذیرائی اور عوامی محبت ہمیشہ ان کے لیے باعثِ فخر رہے گی۔

ان کے اعلان کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا حلقوں میں مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، جبکہ مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کے فیصلے کو ایک اہم اور غیر معمولی قدم قرار دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *