ٹرمپ کی پوسٹس غیر معمولی، ذہنی توازن پر سوالات: امریکی پروفیسر کا دعویٰ
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی کولمبیا یونیورسٹی کے ماہرِ معاشیات اور پروفیسر جیفری سکس نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں، بیانات اور سوشل میڈیا پوسٹس پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے طرزِ عمل پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
پروفیسر جیفری سکس نے ایران سے متعلق کشیدگی، ناکام مذاکرات اور امریکی خارجہ پالیسی کو غیر منظم اور غیر شفاف قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کسی مربوط حکمتِ عملی کے بجائے افراتفری کا تاثر دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسی اور بیانات ایک فرد کے گرد گھومتے دکھائی دیتے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ دھمکی، دباؤ اور سخت بیانات کے ذریعے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو ان کے مطابق ایک غیر مستقل اور غیر سنجیدہ طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔
پروفیسر سکس نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی حالیہ پوسٹس اور بیانات غیر معمولی اور امریکی صدور کی روایتی سیاسی زبان سے مختلف ہیں، جس پر سیاسی اور علمی حلقوں میں بھی بحث جاری ہے۔
ان کے مطابق موجودہ امریکی پالیسی سازی میں واضح تسلسل اور سمت کی کمی نظر آتی ہے، جس کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی مختلف سوالات جنم لے رہے ہیں۔


