ایف آئی اے افسران کی خصوصی کانفرنس، وزیر داخلہ محسن نقوی مہمانِ خصوصی
اسلام آباد(بولونیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کے افسران کی خصوصی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے نئے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، انسپکٹرز اور اسلام آباد میں تعینات افسران سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، درپیش مسائل اور ادارہ جاتی بہتری پر تفصیلی گفتگو کی۔ محسن نقوی نے افسران کے مسائل خود سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے کے نئے ڈی جی آ چکے ہیں اور ان کی متحرک قیادت میں ادارے کو فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 31 دسمبر 2026 تک ایف آئی اے کو جدید، متحرک اور مؤثر ادارہ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خامیوں کے ازالے اور نظام میں بہتری کو اولین ترجیح دی جائے گی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کے اسٹاف کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی، پروموشن ہر ملازم کا حق ہے اور سروس اسٹرکچر کو بہتر بنایا جائے گا۔ افسران کی پروموشنز کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ایف آئی اے کے تمام شہداء کے خاندانوں کو پلاٹس دینے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ ادارے کے لیے ایک جامع ویلفیئر پلان تیار کیا جا رہا ہے جس میں تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام وسائل فراہم کرنے کے بعد زیرو کرپشن پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا، کرپشن میں ملوث عناصر کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی، جبکہ ایمانداری سے کام کرنے والے افسران کو مکمل پروٹیکشن اور جاب سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایف آئی اے کی افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے گا، کیونکہ 2008 کی نفری کے ساتھ موجودہ چیلنجز سے نمٹنا مشکل ہے۔ ان کے مطابق “ہارڈننگ دی اسٹیٹ” پالیسی میں ایف آئی اے کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور یہ واحد وفاقی ادارہ ہے جو پورے ملک میں وفاقی حکومت کی مؤثر رِٹ قائم کر سکتا ہے۔ ایف آئی اے کو مضبوط ترین اور قابلِ اعتماد ادارہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔کانفرنس سے ڈاکٹر عثمان انور نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔


