عدالتوں میں ایف بی آر کے 5,457 ارب روپے کے ٹیکس کیسز التوا کا شکار

اسلام آباد(بولونیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیوکےہزاروں ٹیکس کیسز مختلف عدالتوں میں برسوں سے زیرِ التوا ہیں، جن میں کھربوں روپے کی رقم پھنسی ہوئی ہے۔مجموعی طور پر 5,457 ارب روپے کے ٹیکس کیسز عدالتی کارروائی کے باعث تاخیر کا شکار ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں 3,277 ٹیکس کیسز زیرِ سماعت ہیں، جن میں 169 ارب روپے سے زائد کی رقم شامل ہے۔اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ میں 1,979 کیسز التوا میں ہیں، جن میں 482 ارب روپے سے زیادہ کی رقم پھنسی ہوئی ہے۔سب سے زیادہ کیسز لاہور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں، جہاں 7,490 ٹیکس کیسز میں تقریباً 963 ارب روپے کی خطیر رقم تاحال فیصلوں کی منتظر ہے۔

ماہرین کے مطابق ٹیکس تنازعات کے بروقت فیصلے نہ ہونے سے قومی خزانے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ ایف بی آر کی وصولیوں اور مالی نظم و ضبط پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ رپورٹ میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ ٹیکس کیسز کے فوری اور مؤثر فیصلوں کے لیے خصوصی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *