1973 کا آئین قومی وحدت اور جمہوریت کی بنیاد ہے: بلاول بھٹو
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ دستور کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے آئینِ پاکستان 1973 کو ملکی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 1973 کا آئین قومی وحدت، جمہوریت اور بنیادی حقوق کا ایک مستقل عہد ہے، جس نے ملک کو جمہوری روح، وفاقی توازن اور اتفاقِ رائے پر مبنی اجتماعی شناخت فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ چاہے حالات مشکل ہوں یا ترقی کے مواقع، آئین ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ یہ دستاویز شہریوں کے حقوق کے تحفظ، فرائض کے تعین اور وفاق کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے متفقہ آئین کی تیاری پر ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ قیادت اور سیاسی بصیرت نے مختلف سیاسی آوازوں کو یکجا کر کے ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا جو آج بھی جمہوری سفر کی بنیاد ہے۔
انہوں نے یومِ دستور کے موقع پر بے نظیر بھٹو کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آمریت کے ادوار میں ان کی جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد نے آئینی شمع کو روشن رکھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ 1973 کے آئین کی روح کو مسلسل جمہوری جدوجہد کے ذریعے مضبوط کیا گیا، جبکہ آصف علی زرداری کے دورِ صدارت میں 18ویں آئینی ترمیم نے پارلیمانی بالادستی اور آئینی توازن کو بحال کیا۔


