پاکستان میں یومِ دستور منایا جا رہا ہے

اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان میں آج یومِ دستور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جس کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 1973 کے آئین کو 10 اپریل 1973 کو حتمی شکل دی گئی تھی جبکہ اسے 14 اگست 1973 کو نافذ کیا گیا۔

آئین پاکستان کی تیاری کو سابق وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو اور اُس وقت کی سیاسی قیادت کا اہم کارنامہ قرار دیا جاتا ہے۔ 1971 کے سانحے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے ایک نیا آئین تشکیل دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 1972 میں 1970 کے انتخابات کی بنیاد پر قومی اسمبلی تشکیل دی گئی، جس کے بعد آئینی کمیٹی نے کام شروع کیا اور تقریباً 8 ماہ میں اپنی رپورٹ مکمل کی۔ بعد ازاں 10 اپریل 1973 کو متفقہ آئینی مسودہ منظور کیا گیا۔

آئین کے مطابق پاکستان میں پارلیمانی نظام حکومت قائم کیا گیا ہے جس میں وزیر اعظم حکومت کا سربراہ ہوتا ہے، جبکہ اسلام کو ریاست کا سرکاری مذہب قرار دیا گیا ہے۔

آئین میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عدلیہ آزاد ہوگی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

یومِ دستور کے موقع پر ملک بھر میں سیمینارز، تقاریب اور آگاہی پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ آئین کی اہمیت اور اس کے بنیادی اصولوں کو اجاگر کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *