Category: پاکستان

  • آؤٹ ڈور ڈرون اُڑانے پر پابندی میں 30 دن کی توسیع، نوٹیفکیشن جاری

    لاہور(بولونیوز)پنجاب بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون اُڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر صوبے بھر میں کھلی فضا (آؤٹ ڈور) میں ڈرون اُڑانے پر پابندی برقرار رہے گی۔ تاہم شادی ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، جس کے لیے متعلقہ ضوابط پر عمل کرنا لازم ہوگا۔

    حکام کے مطابق پابندی کا مقصد عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • قومی شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرانے کا طریقہ کار مزید آسان

    لاہور(بولونیوز)نادرا نے قومی شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرانے کے حوالے سے شہریوں کے لیے طریقہ کار مزید آسان بنا دیا ہے۔ نادرا کی جانب سے جاری کردہ ایک آگاہی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اب کرائے کے گھر میں رہائش پذیر افراد بھی مخصوص دستاویزات فراہم کر کے اپنے شناختی کارڈ پر عارضی یا مستقل پتہ تبدیل کرا سکتے ہیں۔

    نادرا کے مطابق عارضی پتہ تبدیل کرانے کے لیے شہری کو کرایہ نامے کی کاپی اور بجلی کے بل کی کاپی جمع کرانا ہوگی۔اگر کوئی شہری کرائے کے گھر کا پتہ اپنے شناختی کارڈ پر مستقل پتے کے طور پر درج کروانا چاہتا ہے تو اسے مذکورہ دستاویزات کے علاوہ مالکِ مکان کا بیانِ حلفی بھی پیش کرنا ہوگا، جس میں مالک مکان اس بات کی تصدیق کرے گا کہ مکان کرائے پر دیا گیا ہے اور اسے اس پتے کو مستقل پتے کے طور پر استعمال کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

    دوسری جانب، اگر مکان شہری کی اپنی ملکیت ہو تو اسے صرف جائیداد کے اصل کاغذات نادرا دفتر میں پیش کرنا ہوں گے۔ نادرا حکام ان دستاویزات کو موقع پر اسکین کر لیتے ہیں اور فوٹو کاپی جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

    نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو پتہ تبدیل کرانے کے عمل میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور دفتری پیچیدگیوں میں کمی لانا ہے۔

  • ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیرِ صدارت صدر ڈویژن کا اینٹی کرائم اجلاس

    لاہور(بولونیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیرِ صدارت صدر ڈویژن کا اہم اینٹی کرائم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایس پی صدر، سرکل افسران اور تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں رواں ماہ انسدادِ جرائم کی کارروائیوں اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ سٹریٹ کرائم اور جھپٹا مار وارداتوں میں نمایاں کمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ایس ایچ او چونگ اور ٹاؤن شپ کو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔

    فیصل کامران نے واضح کیا کہ جرائم کی روک تھام میں غفلت یا اعداد و شمار میں مصنوعی کمی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی خود مانیٹر کریں اور ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں مؤثر پولیس نفری اور گشت کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں اور دفاتر میں آنے والے ہر شہری سے خوش اخلاقی اور عزت کے ساتھ پیش آیا جائے، جبکہ خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر فوری نمٹایا جائے۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے، موٹرسائیکل چوری و سنیچنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنانے اور نجی ملازمین، کرایہ داروں اور سکیورٹی گارڈز کی رجسٹریشن ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

  • سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، ہائی ویلیو ٹارگٹ کمانڈر خان فیروش عرف زابل ہلاک

    ضلع باجوڑ(بولونیوز)سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب آپریشن کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی ہے، جس میں ہائی ویلیو ٹارگٹ کمانڈر خان فیروش عرف زابل کو تین دیگر خارجی دہشت گردوں سمیت ہلاک کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی شاتھی منا زردالو کرومیٹ سائٹ میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر فورسز نے مؤثر اور بروقت آپریشن کیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چاروں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر خان فیروش عرف زابل متعدد سنگین دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا اور سیکیورٹی فورسز کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ آپریشن کے دوران کسی سیکیورٹی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

    سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو کلیئر کر کے سرچ آپریشن مکمل کر لیا ہے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مشکوک مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

  • لاہور ہائیکورٹ کا پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے موجودہ فارمیٹ میں تبدیلی کا حکم

    لاہور(بولونیوز)لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے موجودہ فارمیٹ کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کریکٹر سرٹیفکیٹ کے لیے دو الگ الگ فارمیٹس ہونے چاہئیں۔

    عدالت کے مطابق ایک فارمیٹ سزا یافتہ افراد کے لیے مخصوص ہو، جبکہ دوسرا فارمیٹ اُن افراد کے لیے ہو جو غیر سزا یافتہ ہوں یا جنہیں عدالت سے بری کیا جا چکا ہو۔ لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ موجودہ یکساں فارمیٹ شہریوں کے بنیادی حقوق اور قانونی حیثیت کو متاثر کرتا ہے۔

    عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ کسی فرد کو محض مقدمات میں نامزد ہونے یا بعد ازاں بری ہو جانے کے باوجود منفی انداز میں ظاہر کرنا ناانصافی کے مترادف ہے۔ اس لیے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ میں سزا یافتہ اور غیر سزا یافتہ افراد کے درمیان واضح فرق ہونا ضروری ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں فوری طور پر پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے نئے فارمیٹس تیار کیے جائیں اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

  • بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی قیدی تنہائی کے خلاف درخواستوں پر سماعت

    اسلام آباد(بولونیوز)بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قیدی تنہائی کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس خادم حسین سومرو نے کی۔

    سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ وکلا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دونوں درخواستوں پر رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔

    بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خانم بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جبکہ مبشرہ خاور مانیکا بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے متاثرہ فریق ہونے کا اعتراض عائد کر رکھا ہے، حالانکہ مرکزی اپیل اور یہ درخواستیں الگ الگ نوعیت کے مقدمات ہیں۔

    سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ’’مائی لارڈ! ہم چار سال سے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے بغیر ہم براہِ راست آپ کے سامنے پیش ہو سکیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اپیلوں میں جب یہ معاملہ اٹھایا گیا تو چیف جسٹس کی جانب سے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

    وکلا نے یہ بھی بتایا کہ بشریٰ بی بی اس سے قبل بھی قیدی تنہائی کے خلاف درخواست دائر کر چکی ہیں۔ دلائل کے دوران انہوں نے سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کے مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بیگم نصرت بھٹو نے بھی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

    عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت کے لیے کارروائی جاری رکھی، جبکہ رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

  • تمام فریقین کو جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے، اسحاق ڈار

    اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔

    پاکستانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کلاس سے ٹیلی فونک گفتگو کی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ کایا کلاس نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کی مخلصانہ اور تعمیری کوششوں کو سراہا، تاہم انہوں نے حالیہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا۔

    گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کو جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے اور کشیدگی میں اضافے سے گریز کرنا ناگزیر ہے۔

  • پیمرا کا جیو نیوز کی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کا حکم

    اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی PEMRA نے 10 محرم کی نشریات میں ’’ناقابلِ قبول مذہبی تصویر کشی‘‘ کے معاملے پر ہفتے کے روز Geo News کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 روز کے لیے چینل کی نشریات معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    پیمرا کی جانب سے 27 جون کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز نے 26 جون 2026 کو نشر ہونے والے پروگرام ’’سفرِ عشق‘‘ میں ناقابلِ قبول مذہبی تصویر کشی کی، جو نہ صرف چینل کے لائسنس کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار و اصولوں کے بھی منافی ہے۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ ایسی تصویر کشی پیمرا قوانین اور ضوابط کی متعدد شقوں کی صریح خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے، جس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور مزید مجروح ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ اسی بنیاد پر جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کیا جا رہا ہے۔

    پیمرا کے مطابق جیو نیوز کی نشریات سیٹلائٹ سمیت تمام نشریاتی نیٹ ورکس پر معطل رہیں گی، جبکہ تمام ڈسٹری بیوٹرز اور کیبل آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

    اتھارٹی نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر پیمرا کی شکایات کونسل بھی سماعت کرے گی اور آئندہ کے لیے مزید ریگولیٹری کارروائی سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ دوسری جانب جیو نیوز کی جانب سے اس معاملے پر وضاحت پیش کی گئی ہے اور معذرت بھی کی گئی ہے۔

  • سندھ پولیس میں 24 گھنٹے ویلفیئر فسیلیٹیشن ڈیسک قائم

    کراچی(بولونیوز)ایڈیشنل آئی جی سندھ مظفر علی شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں سندھ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے لیے 24 گھنٹے فعال ویلفیئر فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے، جہاں پولیس اہلکار اور ان کے اہلِ خانہ ویلفیئر سے متعلق امور میں براہِ راست رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔

    ایڈیشنل آئی جی کے مطابق ویلفیئر فسیلیٹیشن ڈیسک کی ہاٹ لائنز 1049 اور 1058 جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ سندھ پولیس ویلفیئر ڈیسک کا واٹس ایپ نمبر 0335-7224422 بھی فعال ہے۔ اس کے علاوہ لینڈ لائن نمبر 021-99212658 پر بھی رابطہ ممکن ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سہولت سے شہداء، مرحوم، حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس اہلکار مستفید ہو سکیں گے۔ ویلفیئر ڈیسک پر پنشن، کلیمز اور ویلفیئر درخواستوں کی موجودہ صورتحال سے فوری آگاہی فراہم کی جائے گی، جبکہ سندھ پولیس ہیلتھ کارڈ سے متعلق مکمل رہنمائی بھی دی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں بڑے نجی اور سرکاری اسپتالوں سے فوری کوآرڈینیشن کی جائے گی تاکہ پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، ایڈیشنل آئی جی سندھ مظفر علی شیخ اور اے آئی جی پولیس ویلفیئر کیپٹن حیدر رضا کی ہدایت پر تمام زونز، اضلاع اور تھانوں میں ویلفیئر ہیلپ لائن کی تشہیر کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایڈیشنل آئی جی سندھ مظفر علی شیخ ایک بہترین اور ملنسار پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں، جو سندھ پولیس میں ویلفیئر کے معاملات میں شفافیت اور بروقت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں، تاکہ پولیس کے جوانوں اور اہلکاروں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

  • پاکستان کی خواتین امن دستے: عالمی امن کے لیے شانہ بشانہ خدمات

    اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان کی خواتین امن دستے اپنے برادرانِ اسلحہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہو کر عالمی امن کے مشن میں مثالی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ یہ خواتین بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور امنِ عالم کے لیے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہیں۔

    قومی پرچم کو فخر سے اور United Nations کے نیلے پرچم کو عزت کے ساتھ تھامے، یہ خواتین دنیا کے مشکل ترین علاقوں میں فرض کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ ان کی خدمات نہ صرف پاکستان کا وقار بلند کرتی ہیں بلکہ عالمی امن کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

    خواتین امن دستوں کی یہ لگن Pakistan Armed Forces کی اُس حقیقی روح کی عکاس ہے جہاں خدمت، قربانی اور اعلیٰ کارکردگی میں صنف کی کوئی تفریق نہیں۔