صدرٹاؤن،عوام نے عمران خان کے نظریے پراعتماد کا اظہار کیاہے: منصور احمد شیخ
کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر، چیئرمین ٹی ایم سی صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے کہا ہے کہ صدر ٹاؤن کی باشعور عوام نے عمران خان کے نظریے اور پاکستان تحریکِ انصاف کی انصاف دوست سیاست پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں اپنے ووٹ سے منتخب کیا۔ عوام کی خدمت، ان کے مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹاؤن میں ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے۔ بجٹ کی منظوری کے بعد مختلف ترقیاتی منصوبوں پر مزید رفتار سے کام شروع کیا جا رہا ہے تاکہ سڑکوں، گلیوں، نکاسیٔ آب، صفائی، اسٹریٹ لائٹس، پارکس اور دیگر شہری سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ہماری کوشش ہے کہ صدر ٹاؤن کو ایک مثالی اور ترقی یافتہ ٹاؤن بنایا جائے جہاں عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات میسر ہوں۔
منصور احمد شیخ نے کہا کہ جن لوگوں نے عوام کے اعتماد اور ووٹ کی حرمت کا خیال رکھنے کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی اور عوامی مینڈیٹ سے غداری کی، عوام انہیں مسترد کر چکی ہے۔ عوام کے ووٹ سے بے وفائی کرنے والوں کی سیاست کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے اور ایسے عناصر عوام کے درمیان اپنی ساکھ کھو بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر ٹاؤن کی عوام آج بھی پاکستان تحریکِ انصاف اور عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور عوامی خدمت کے سفر میں ہمارا بھرپور ساتھ دے رہی ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کی منتخب بلدیاتی قیادت دن رات عوام کے مسائل کے حل اور ٹاؤن کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
منصور احمد شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صدر ٹاؤن کی تعمیر و ترقی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی فلاح کے مشن کو مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا اور دستیاب وسائل کو عوام کی بہتری اور ٹاؤن کی خوشحالی پر خرچ کیا جائے گا۔


