نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری، سیکٹر 11-F میں ماڈل گلیوں کا افتتاح

کراچی(بولونیوز)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر پوری دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ جاری ہے، عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے سیکٹر 11-F کے کاغذی برادری محلہ تا ڈبل اسٹوری اور سیکٹر5c/4 نارتھ کراچی میں پیور بلاک سے تعمیر کی گئی ماڈل گلیوں کے افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں مرحلہ وار سڑکوں اور گلیوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، جبکہ پرانی اور خستہ حال گلیوں کو جدید طرز پر تعمیر کرکے انہیں ماڈل گلیوں کا درجہ دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری اور رہائشی سہولیات میسر آسکیں۔اس موقع پر انکے ہمراہ وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاون شعیب بن ظہیرنیو کراچی ٹاون کی مختلف یوسیز کے چیئرمینز، وائس چیرمینز،کونسلرز ٹاون افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت صرف نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہوتی ہے۔ ہماری پوری ٹیم ایمانداری، دیانت داری اور عوامی اعتماد کو سامنے رکھ کر اپنے اختیارات سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کام واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے 25 ٹاؤنز میں سے جماعت اسلامی کے زیرانتظام 9 ٹاؤنز میں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ہیں، ان کی مثال دیگر ٹاؤنز میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل کے حل پر توجہ دیں اور خاص طور پر سات ہزار روڈ کی فوری تعمیر کو یقینی بنائیں، کیونکہ یہ سڑک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور جگہ جگہ گڑھوں کے باعث شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین برس سے مسلسل اس اہم شاہراہ کی تعمیر کے لیے توجہ دلائی جا رہی ہے، مگر تاحال کوئی مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ اگر سالانہ اربوں روپے کا بجٹ موجود ہے تو شہری بنیادی سہولیات سے کیوں محروم ہیں عوام کو اس کا جواب ملنا چاہیے۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر بلدیاتی اداروں کو ٹاؤن انتظامیہ کے ماتحت کیا جائے تاکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں اور شہری مسائل کا بروقت حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کے ارتکاز کے بجائے مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عوام خود فیصلہ کریں گے کہ کس نے ان کے مسائل حل کیے اور کس نے صرف دعوے کیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیکٹر 11-F میں کاغذی برادری کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کی گلی کو جلد از جلد تعمیر کیا جائے۔ ٹاؤن انتظامیہ نے اس مطالبے کو ترجیح دیتے ہوئے گلی کو پیور بلاک سے تعمیر کرکے ماڈل گلی کا درجہ دیا ہے۔ اس موقع پر گلی کا نام جماعت اسلامی کے مرحوم و مخلص کارکن فاروق مجید بھائی کے نام سے منسوب کیا گیا، جنہوں نے کاغذی برادری اور علاقے کی فلاح و خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا۔افتتاحی تقریب میں علاقہ مکینوں نے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح کے منصوبے اسی رفتار سے جاری رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *