انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، ایس ایس پی کا ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے ہمراہ پولیو کیمپوں کا دورہ
کراچی(بولونیوز)کراچی میں انسدادِ پولیو مہم (06 جولائی تا 12 جولائی 2026) کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے مختلف پولیو کیمپوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ اور ڈی سی ساؤتھ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ دورے کے دوران ایس ایس پی ساؤتھ نے پولیو ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا۔
ایس ایس پی مہزور علی نے ہدایت کی کہ پوری مہم کے دوران مستعدی، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں کو ہر ممکن محفوظ ماحول فراہم کرنا ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے تمام ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے پولیو ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کی حاضری اور مؤثر تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران فیلڈ میں مسلسل نگرانی کریں اور مہم کے اختتام تک ڈیوٹی پر موجود رہیں تاکہ سیکیورٹی انتظامات ہر مرحلے پر مؤثر رہیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی ساؤتھ نے پولیو ورکرز سے بھی ملاقات کی اور سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے پولیو ورکرز کو ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا اور یقین دلایا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس ان کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کی جانب سے انسدادِ پولیو مہم کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ موٹر سائیکل اور موبائل گشت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ پولیو ٹیمیں بلا خوف و خطر اپنی قومی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔


