رکن سندھ اسمبلی سجاد سومرو کے پیپلز پارٹی پر سنگین الزامات، پانی کی قلت پر شدید ردعمل
کراچی(بولونیوز) رکن سندھ اسمبلی سجاد سومرو نے شہر میں پانی کی قلت اور فراہمی کے نظام پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ محرم کے مقدس مہینے میں لیاری، کراچی اور سندھ کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہے، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
سجاد سومرو کے مطابق شاہ ولی اللہ پمپنگ اسٹیشن، بہار کالونی اور لی مارکیٹ پمپنگ اسٹیشن پر مبینہ طور پر پانی کی غیر قانونی فروخت جاری ہے جبکہ شہری اپنے گھروں میں پانی کی عدم دستیابی کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ صورتحال صرف لیاری تک محدود نہیں بلکہ ناظم آباد، اورنگی، کورنگی، کچی آبادیوں اور ڈیفنس جیسے علاقوں میں بھی شہری پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔
رکن اسمبلی نے مزید کہا کہ بعض علاقوں میں سیاسی بنیادوں پر پانی کی فراہمی متاثر کی جا رہی ہے، جس سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور مبینہ بے ضابطگیوں کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔


