کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی بجٹ میں فنڈز مختص

کراچی(بولونیوز)مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی بجٹ میں مختص فنڈز کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق کراچی کے شہری انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور پانی کی فراہمی کے متعدد منصوبوں کے لیے خطیر رقم رکھی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق کراچی اربن انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ پیکیج کے لیے 7 ارب 50 کروڑ روپے جبکہ گریٹر کراچی واٹر بلک سپلائی اسکیم کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وفاقی بجٹ میں گرین لائن بس منصوبے کے لیے 1 ارب 98 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ ضلع غربی کراچی میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے 24 کروڑ 54 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح ناظم آباد اور لیاقت آباد میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے 22 کروڑ روپے، لانڈھی اور کورنگی ٹاؤن میں سڑکوں، پانی، نکاسیٔ آب اور پلے گراؤنڈز کے لیے 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق ضلع وسطی کراچی میں سڑکوں، گلیوں، پانی اور نکاسیٔ آب کے منصوبوں کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے، ملیر میں سڑکوں، گلیوں اور نکاسیٔ آب کے لیے 5 کروڑ روپے جبکہ کراچی کوسٹل پاور پراجیکٹ یونٹ ون اور ٹو کے لیے 1 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وفاقی بجٹ میں ان فنڈز کی منظوری سے کراچی کے بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات میں بہتری کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *