قائد آباد موبائل مارکیٹ کے تاجروں کا نجی بلڈر کے خلاف شدید احتجاج
کراچی(بولونیوز)قائد آباد میں واقع موبائل مارکیٹ کے تاجروں نے دکانوں کے مالکانہ حقوق نہ ملنے پر نجی بلڈر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ متاثرہ تاجروں نے سڑکوں پر نکل کر نعرے لگائے اور فوری انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے دکانیں باقاعدہ طور پر خریدی ہیں، تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود انہیں ملکیت کے قانونی کاغذات فراہم نہیں کیے جا رہے۔ تاجروں نے الزام عائد کیا کہ بلڈر نہ صرف کاغذات دینے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے بلکہ انہیں مختلف طریقوں سے ہراساں بھی کیا جا رہا ہے۔
تاجروں کے مطابق مالکانہ حقوق کے بغیر کاروبار کرنا مشکلات کا باعث بن رہا ہے اور آئے روز نئے مسائل کا سامنا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام فوری نوٹس لیں، دکانوں کی ملکیت کے کاغذات فراہم کروائیں اور ذمہ دار بلڈر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
احتجاج کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی، جبکہ تاجروں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔


