کراچی میں لین دین کے معاملے والے مشہور بابے کا ہمشکل سامنے آ گیا

کراچی(بولونیوز)سوشل میڈیا پر لین دین کے ایک متنازع معاملے میں مشہور ہونے والے بابے کے حوالے سے ایک نیا موڑ سامنے آ گیا ہے۔ Karachi میں اس بابے کا ہمشکل سامنے آیا ہے، جس نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر دراصل اسی اور اس کی اہلیہ کی ہیں، جنہیں غلط طور پر مذکورہ واقعے سے جوڑا جا رہا تھا۔

ہمشکل بزرگ کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ دونوں زندہ ہیں اور ایک ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا اور بعض نیوز چینلز نے انہیں “مرحوم اور مرحومہ” بنا دیا۔ ان کے مطابق اس غلط فہمی کے باعث رشتے داروں اور جاننے والوں کی جانب سے فون کالز کا تانتا بندھ گیا، جو بار بار واقعے کی حقیقت جاننے کی کوشش کرتے رہے۔

بزرگ نے وضاحت کی کہ ان کا اس متنازع لین دین کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں، صرف شکل ملنے کی وجہ سے انہیں بدنامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ “میری شکل اس شخص سے ملتی ہے، مگر کرتوت نہیں۔”

دوسری جانب ان کی اہلیہ نے بھی سامنے آ کر بتایا کہ وہ مکمل طور پر زندہ اور خیریت سے ہیں، اور اس واقعے سے ان کا کوئی واسطہ نہیں۔ تاہم غلط خبروں کے باعث انہیں ذہنی پریشانی ضرور ہوئی۔

متاثرہ خاندان نے سوشل میڈیا صارفین اور نیوز چینلز سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی خبر کو نشر یا وائرل کرنے سے پہلے مکمل تحقیق کی جائے، کیونکہ ایک شخص کے معاملے میں کسی اور کو بلا وجہ خجل اور بدنام کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *