فیڈرل بی ایریا میں کیش وین سے مبینہ 30 کروڑ روپے کی ڈکیتی، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

کراچی(بولونیوز) Karachi کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین سے مبینہ طور پر 30 کروڑ روپے کی بڑی ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیش وین طارق روڈ سے نجی بینک میں رقم منتقل کرنے کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ رضوان پارک کے قریب عملہ چائے پینے کے لیے رکا، اسی دوران واردات پیش آئی۔

پولیس کے مطابق چار مسلح ملزمان موقع پر پہنچے اور کیش وین پر قبضہ کر لیا۔ ملزمان وین کو الطاف پکوان والی گلی میں لے گئے، جہاں سے رقم کے تھیلے دوسری گاڑی میں منتقل کر کے فرار ہو گئے۔

ابتدائی تحقیقات میں سیکیورٹی کمپنی کے چیف کریو واجد پر بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر کیش کیبن کی چابیاں گارڈز سے حاصل کر کے ملزمان کو رقم تک رسائی فراہم کی۔

ذرائع کے مطابق واردات سے قبل ملزمان نے قریبی گلی میں گاڑی کھڑی کی تھی اور بعد ازاں موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ چیف کریو واجد کے بھی ملزمان کے ہمراہ فرار ہونے کی اطلاعات ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ اطراف کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق کیس کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی شناخت و گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *