بہاولنگر میں انسانیت سوز واقعہ، پسند کی شادی پر خاتون مبینہ طور پر 12 سال قید سے بازیاب
بہاولنگر(بولونیوز)انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں Bahawalnagar کے نواحی علاقے میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر 12 سال تک گھر کے ایک کمرے میں قید رکھنے کے بعد بازیاب کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق میکلوڈ گنج پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نواحی گاؤں پربھاتی والا میں چھاپہ مارا اور خاتون کو انتہائی خراب حالت میں کمرے سے بازیاب کروایا۔ بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون نے برسوں قبل اپنی پسند سے شادی کی تھی، تاہم بعد ازاں دباؤ کے تحت اس سے طلاق کروائی گئی۔
الزام ہے کہ طلاق کے بعد خاتون کے والدین اور بھائیوں نے اسے گھر کے ایک کمرے میں محبوس کر دیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر 12 برس تنہائی اور سخت اذیت میں گزارے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران خاتون کے والدین اور بھائی موقع سے فرار ہو گئے۔ متاثرہ خاتون کو فوری طور پر طبی امداد اور معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


