الخرج میں شہریوں کے لیے سعودی سول ڈیفنس کی اہم حفاظتی ہدایات جاری

ریاض(بولونیوز)ریاض میں سعودی محکمہ سول ڈیفنس نے الخرج گورنریٹ کے رہائشیوں، بشمول شہریوں اور غیر ملکی باشندوں، کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں اور محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔

محکمہ سول ڈیفنس کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام افراد کو سرکاری ہدایات اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنا چاہیے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شہری گھروں کی بالکونیوں، چھتوں اور کھلی جگہوں پر غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر کو یقینی بنائیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام کسی بھی واقعے کی ویڈیوز یا تصاویر بنانے سے اجتناب کریں اور صرف مستند سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔

سول ڈیفنس نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ افواہوں سے دور رہیں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر حکام سے رابطہ کریں۔

حکام کے مطابق عوامی تعاون اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے ممکنہ خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *