سندھ بھر کی پبلک لائبریریز کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان

کراچی(بولونیوز)کراچی میں محکمہ لائبریریز سندھ نے صوبے بھر کی پبلک لائبریریز کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق نئی ہدایات کے تحت مختلف شہروں کی لائبریریز کو طلبہ کی سہولت کے مطابق کھلا رکھنے کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق سندھ کی اہم لائبریریز اب پیر سے ہفتہ تک صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلی رہیں گی، جبکہ دیگر لائبریریز شام 5 اور 7 بجے تک طلبہ کی حاضری کے حساب سے کھولی جائیں گی۔

کراچی میں لیاقت میموریل لائبریری، سچل گوٹھ لائبریری اور ماڈل لائبریری نیو کراچی پیر سے ہفتہ تک صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلی رہیں گی۔حیدرآباد میں شمس العلماء داؤدپوتہ لائبریری اور حسرت موہانی سینٹرل لائبریری بھی صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کھلی رہیں گی۔

کوٹڑی میں سندھ گورنمنٹ لائبریری کوٹڑی صبح 9 سے شام 5 بجے تک کھلی رہے گی، جبکہ سیہون اور دادو کی لائبریریز شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔

میرپورخاص، لاڑکانہ، رتودیرو، نؤدیرو اور قاضی احمد سمیت دیگر شہروں کی لائبریریز کے اوقات بھی نئے شیڈول کے مطابق مقرر کیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ کو طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات اور درخواستوں کے بعد فوری ہدایات جاری کی گئیں، جس کے نتیجے میں اوقات کار میں تبدیلی عمل میں لائی گئی۔

محکمہ لائبریریز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر کی ہدایات پر لائبریریز میں طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *