کنڈم کوچ کو فعال ظاہر کرنے کی کوشش: ریلوے کا یوٹیوبر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
لاہور(بولونیوز) پاکستان ریلویز نے کنڈم (سکریپ) کوچ کو فعال مسافر کوچ ظاہر کرنے کی کوشش پر ایک یوٹیوبر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یوٹیوبر نے سکریپ کے طور پر کھڑی کوچ میں داخل ہو کر ویڈیو بنائی اور اسے مسافر کوچ کے طور پر پیش کیا، جس سے عوام میں غلط فہمی پیدا ہوئی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں باضابطہ درخواست جمع کروائی جائے گی تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق عوام کو گمراہ کرنے اور ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، اور اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ریلوے نے واضح کیا کہ مستقبل میں اس نوعیت کے اقدامات کرنے والوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔


