حکومتِ پنجاب کا بڑا فیصلہ، سمر کیمپ پر مکمل پابندی، تعلیمی اداروں کے لیے سخت احکامات جاری

پنجاب(بولونیوز)حکومتِ پنجاب کی جانب سے سرکاری اور نجی اسکولوں میں سمر کیمپ کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اگر مستقبل میں سمر کیمپ کی اجازت دی گئی تو اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن علیحدہ سے جاری کیا جائے گا۔

حکومتی اعلامیے میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام نجی اسکول گرمیوں کی چھٹیاں لازمی طور پر کریں۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں اسکول کا لائسنس منسوخ کرنے اور ادارہ سیل کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

دوسری جانب حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی کالجوں میں موسمِ گرما کی تعطیلات کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر کے کالجوں میں گرمیوں کی چھٹیاں 22 مئی سے 22 اگست تک ہوں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے شدید گرمی کے پیشِ نظر طلبہ، اساتذہ اور عملے کی صحت و سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں، جبکہ تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی نوٹیفکیشن پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *