پاک فوج میں عسکری اعزازات دینے کی پروقار تقریب، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزازات تقسیم کیے
راولپنڈی(بولونیوز)راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے، جنہوں نے شاندار جرات اور ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے پر شہداء کے اہل خانہ، افسران اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں مجموعی طور پر 50 افسران و جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) جبکہ 12 کو تمغہ بسالت دیا گیا۔ بعد از شہادت دیے جانے والے اعزازات شہداء کے اہل خانہ نے وصول کیے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں، ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے۔ ملک کے امن و سلامتی کا انحصار انہی کی عظیم قربانیوں اور فرض شناسی پر ہے۔”
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کی ہمت، وقار اور استقامت کو بھی سراہا اور ان کی قربانیوں کو بے مثال قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاری اور دہشت گردی کے خلاف عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک میں پائیدار امن و استحکام قائم نہیں ہو جاتا۔


