پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ، متعدد سرگرمیوں پر پابندی عائد
لاہور(بولونیوز)لاہور میں محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ یہ پابندیاں انسانی جانوں کے تحفظ، امن و امان اور ماحول کی بہتری کے لیے لگائی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے پر پابندی ہوگی۔ اسی طرح دریاؤں، جھیلوں، نہروں اور ڈیمز میں تیراکی اور نہانے پر بھی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہولز، نالیوں یا نہروں میں پھینکنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی، جبکہ منظور شدہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی جگہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت نہیں کی جا سکے گی۔
پابندیوں کا اطلاق 27 مئی سے 2 جون تک ہوگا۔ محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں وصول کر سکیں گے۔
ترجمان کے مطابق انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے تاکہ عوامی تحفظ اور صفائی کے نظام کو برقرار رکھا جا سکے۔


