غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے ایک ہزار دن مکمل، شہادتوں اور انسانی بحران میں خوفناک اضافہ
غزہ(بولونیوز)اسرائیلی جارحیت کے ایک ہزار دن مکمل ہو گئے، جہاں نسل کشی کے نتیجے میں انسانی المیہ مزید سنگین صورت اختیار کر چکا ہے۔
مقامی وزارتِ صحت کے مطابق اب تک تقریباً 73 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں 42 ہزار سے زیادہ ایسے افراد شامل ہیں جنہیں شدید نوعیت کے زخموں کے باعث فوری اور خصوصی طبی علاج کی اشد ضرورت ہے۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ جنگ کے دوران اکتوبر 2023 سے قبل فعال طبی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں 94 فیصد طبی مراکز کسی نہ کسی درجے میں تباہ یا غیر فعال ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث ہزاروں مریضوں کے لیے علاج کی واحد امید بیرونِ ملک منتقلی رہ گئی ہے۔
تاہم وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل اب بھی 17 ہزار مریضوں اور زخمیوں کو، جنہیں بیرونِ ملک علاج کے لیے باقاعدہ طبی ریفرل جاری ہو چکا ہے، سفر کی اجازت نہیں دے رہا۔ اس تاخیر کے باعث مریضوں کی حالت روز بروز بگڑ رہی ہے اور اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔
طبی حکام نے عالمی برادری سے فوری مداخلت اور انسانی بنیادوں پر مریضوں کو علاج کی اجازت دلوانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔


