صحافیوں سے پولیس کے ناروا رویے کی شدید مذمت، فوری انکوائری کا مطالبہ
کراچی(بولونیوز) ورکنگ جرنلسٹس فورم (WJF) کے رہنماؤں نے انمول عرف پنکی کی عدالت پیشی کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ پولیس کے ناروا رویے، دھکم پیل، دھمکیوں اور میڈیا کوریج میں رکاوٹ ڈالنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
فورم کے بانی و مرکزی صدر میاں خرم شہزاد، جنرل سیکریٹری ساجد احمد اور چیف آرگنائزر عامر رضا نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ آزادیٔ صحافت پر قدغن لگانے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
رہنماؤں نے کہا کہ صحافی عدالتوں، تھانوں اور دیگر سرکاری اداروں میں عوام تک درست معلومات پہنچانے کے لیے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیتے ہیں، تاہم اس واقعے کے دوران پولیس کی جانب سے دھکے دینا، کوریج سے روکنا اور دھمکیاں دینا افسوسناک، غیر قانونی اور قابلِ مذمت عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو یہ کہنا کہ “خبر باہر گئی تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے” اختیارات کے غلط استعمال اور آزادیٔ اظہار پر حملے کے مترادف ہے۔
ورکنگ جرنلسٹس فورم نے انسپکٹر ساجدہ نذیر کی جانب سے صحافیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی دھمکی کو بھی تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ اگر صحافیوں کو ان کے آئینی و قانونی حق سے روکا گیا تو میڈیا برادری بھرپور احتجاج کرے گی۔
فورم نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف شفاف انکوائری کی جائے اور سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔


