بھارت نے دوبارہ للکارا تو اس کا جغرافیہ بدل کر اسے تاریخ کا حصہ بنا دیں گے: وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد(بولونیوز)خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے دوبارہ للکارا تو اس کا جغرافیہ بدل کر اسے تاریخ کا حصہ بنا دیا جائے گا۔نجی ٹی وی پروگرام کیپیٹل ٹاک میں میزبان حامد میر کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں وزیر دفاع نے بھارتی آرمی چیف کے مبینہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو جو پہلے “مار” پڑی ہے وہ اسے ابھی تک سہلا رہا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں اس وقت جو حکومت موجود ہے اس کے بھارت کے ساتھ روابط ہیں۔ ان کے مطابق بطور وزیر دفاع انہیں مختلف افغان رہنماؤں سے ملاقاتوں کا موقع ملا ہے، جن میں افغان طالبان کی قیادت بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب سے بھی قطر میں ملاقات ہوئی تھی۔
انٹرویو کے دوران وزیر دفاع نے علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پر بھی گفتگو کی، جبکہ زور دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔


