کراچی سمیت سندھ بھر میں نجی اسکولوں کو غیر قانونی فیس فوری واپس کرنے کی ہدایت
کراچی(بولونیوز)سندھ بھر میں تعلیمی حکام نے نجی اسکولوں کو غیر قانونی طور پر وصول کی گئی فیس فوری طور پر واپس کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
حکام کے مطابق نجی اسکولوں کی جانب سے میٹرک کے طلبہ سے اپریل تا جولائی 2026 کی فیس غیر قانونی طور پر وصول کیے جانے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے، جس پر فوری کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
تعلیمی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ اور والدین کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچانا اور فیسوں کے نظام کو شفاف بنانا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انتظامیہ نے والدین کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی اضافی یا غیر قانونی فیس کی صورت میں متعلقہ محکمے کو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔


