گورنر سندھ اور ڈی ایس پاکستان ریلویز کی ملاقات،مسافرانہ سہولیات میں بہتری پر اتفاق
کراچی(بولونیوز)محمد نہال ہاشمی، گورنر سندھ، سے پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ جمشید عالم نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی جس میں ریلوے نظام کی بہتری اور مسافروں کو جدید سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران ریلوے اراضی سے تجاوزات کے خاتمے، ریلوے املاک کی واگزاری، اور جاری آپریشن کو مزید مؤثر، تیز اور شفاف بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ مسافروں کے لیے محفوظ، آرام دہ اور جدید سہولیات متعارف کرانے کے منصوبوں پر بھی جامع مشاورت کی گئی۔
گورنر سندھ نے کراچی ڈویژن میں پاکستان ریلویز کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریلوے نظام کی بہتری سے شہریوں کو سفری سہولیات میں نمایاں بہتری میسر آئے گی۔ اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ جمشید عالم نے جاری منصوبوں، مستقبل کی حکمتِ عملی اور مسافروں کے لیے متوقع جدید سہولیات سے گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔
ملاقات کو پاکستان ریلویز میں مثبت، پائیدار اور عوام دوست اصلاحات کے عزم کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔


