نیب کی ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر اشفاق حسین کھوکھر کے خلاف خفیہ انکوائری شروع
کراچی(بولونیوز)نیب کراچی نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر اشفاق حسین کھوکھر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور مبینہ کرپشن کے الزامات پر خفیہ انکوائری شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے سیکشن 19 نیب آرڈیننس کے تحت متعلقہ افسر سے مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس میں ڈی جی ایس بی سی اے کو بھی ریکارڈ کے نگران افسر سمیت طلب کیا گیا ہے، جبکہ سروس ریکارڈ، اثاثہ جات کی تفصیلات، تنخواہوں، بینک اکاؤنٹس، قرضوں، مالی مراعات، ٹیکس ریٹرنز اور ذاتی فائل کی مصدقہ نقول فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب نے ہدایت کی تھی کہ اشفاق حسین کھوکھر سے متعلق تمام ریکارڈ یکم جون کو نیب کراچی کے دفتر میں پیش کیا جائے، تاہم ایس بی سی اے افسران کی جانب سے تاحال مطلوبہ ریکارڈ جمع نہیں کرایا جا سکا۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ عدم تعاون، غلط معلومات فراہم کرنے یا تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کی صورت میں نیب آرڈیننس کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں 10 سال تک سزا کی شق بھی شامل ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی شکایت پر ابتدائی جانچ کے بعد انکوائری کا آغاز کیا گیا ہے اور طلب کردہ ریکارڈ انکوائری کے لیے اہم شواہد کی حیثیت رکھتا ہے۔ ایس بی سی اے حکام کو تحقیقات میں مکمل تعاون کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹر اشفاق حسین کھوکھر سمیت ایس بی سی اے کے متعدد افسران کو لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے پر معطل کیا جا چکا ہے۔ اشفاق حسین کھوکھر پر قومی ورثہ قرار دی گئی عمارت کو بغیر اجازت منہدم کرنے پر مقدمہ بھی درج ہوا تھا، جبکہ انہیں چیف سیکرٹری کی ہدایت پر معطل کیا گیا تھا۔


