لیبیا کشتی حادثے میں ملوث باپ بیٹا 22،22 سال قید کے سزاوار
گوجرانوالہ(بولونیوز)گوجرانوالہ میں ایف آئی اے عدالت نے لیبیا میں پیش آنے والے المناک کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلنگ کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے باپ بیٹے کو 22،22 سال قید اور 14،14 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مجرمان نے سال 2023 میں دو بھائیوں کو اٹلی بھجوانے کے عوض 62 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ بدقسمتی سے لیبیا کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے کے حادثے میں دونوں بھائی جاں بحق ہو گئے۔
اس المناک کشتی حادثے میں مجموعی طور پر 16 پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گئے تھے، جس پر ملک بھر میں شدید رنج و غم پایا گیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے جس سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، اس لیے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ سزا سنائے جانے کے بعد ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا۔
یہ فیصلہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری کارروائیوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


