ضلع جنوبی میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ اور سرچ آپریشنز جاری
کراچی(بولونیوز)کراچی کے ضلع جنوبی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ ایس ایس پی ضلع جنوبی مہزور علی کی ہدایات پر مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ اور سرچ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
آج کا گرینڈ کومبنگ آپریشن تھانہ سول لائن کی حدود میں واقع ہجرت کالونی اور ملحقہ کمرشل علاقوں میں کیا گیا۔ آپریشن کی نگرانی ایس ڈی پی او فرئیر نے کی، جبکہ تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فرائض انجام دیے۔
آپریشن کے دوران تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے علاقے کا مکمل گھیراؤ کیا گیا، جس کے بعد ہوٹلوں، دکانوں، عارضی رہائش گاہوں اور رہائشی مکانات کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران 70 سے زائد افراد کو تلاشی ڈیوائس کے ذریعے چیک کیا گیا، جبکہ 3 مشتبہ افراد کو مشکوک حرکات کی بنا پر دفعہ 54 کے تحت حراست میں لے لیا گیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت اور ویریفکیشن کا عمل جاری ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور ضلع جنوبی میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں، اور آئندہ بھی ایسے آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔


