وفاقی آئینی عدالت کا فیصلہ: کراچی میں رہائشی پلاٹوں کی کمرشل تبدیلی پر پابندی ختم
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی آئینی عدالت نے کراچی میں رہائشی پلاٹوں کی کمرشل کیٹیگری میں تبدیلی پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے سابقہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ کراچی میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس میں رہائشی پلاٹوں کی کمرشل تبدیلی پر پابندی ختم کی جاتی ہے، تاہم پارکس، اسپتالوں، کھیل کے میدانوں اور دیگر عوامی مقامات کی کیٹیگری میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی اجازت نہیں ہوگی۔
جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بینچ نے کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کا مقدمہ نمٹا دیا۔ سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت کسی بھی متعلقہ ادارے کے انتظامی کام میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی ادارے کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی ہو تو متعلقہ فورم یا ہائی کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے، جبکہ ہائی کورٹ کے فیصلے سے عدم اطمینان کی صورت میں اپیل کا حق بھی موجود ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ازخود نوٹس کا اختیار ختم ہو چکا ہے، اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی راستے موجود ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹاؤن پلاننگ اور متعلقہ ادارے اپنے فرائض دیانتداری سے انجام دیں گے۔عدالت نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا سابقہ فیصلہ ادارہ جاتی کارروائی میں رکاوٹ نہیں بنے گا، جبکہ جسٹس ارشد حسین نے ریمارکس دیے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔


