ٹرمپ کا اپنا اوباما اور بائیڈن دور سے موازنہ، تباہ ایرانی جہازوں اور ڈرونز کی اے آئی تصاویر جاری
واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم Truth Social پر ایران کے ساتھ جاری تنازع سے متعلق متعدد پوسٹس شیئر کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی گئی تصاویر جاری کر دیں۔
ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں تباہ شدہ ایرانی بحری جہازوں اور ڈرونز کو دکھایا گیا ہے، جبکہ ان پوسٹس کے ذریعے انہوں نے اپنے دورِ صدارت کا موازنہ سابق صدور باراک اوباما اور جو بائیڈن کے ادوار سے کیا ہے۔
اپنی پوسٹس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ اوباما اور بائیڈن کے دور میں ایرانی بحری جہاز سمندر کی سطح پر آزادانہ طور پر گھومتے رہے، جبکہ ان کے بقول ان کی صدارت کے دوران 159 ایرانی جہازوں کو سمندر کی تہہ میں پہنچا دیا گیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ٹرمپ کی یہ پوسٹس نہ صرف ان کی انتخابی حکمتِ عملی کا حصہ سمجھی جا رہی ہیں بلکہ ایران سے متعلق سخت مؤقف کو بھی اجاگر کرتی ہیں، تاہم جاری کی گئی تصاویر کے مصنوعی ذہانت سے تیار ہونے پر سوشل میڈیا پر بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔


