سندھ حکومت کا سماجی تحفظ اقدام، پیدائش سے5سال تک بچوں کو3 ہزارروپےدینےکی منظوری
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت نے سماجی تحفظ پروگرام کے تحت پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کے لیے سہ ماہی 3 ہزار روپے نقد امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے بورڈ کےتیسرے اجلاس میں کیا گیا،جس میں صوبے بھر میں سماجی تحفظ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں 8 لاکھ 85 ہزار بچوں اور دیہی خواتین کے لیے نئی نقد امداد اسکیم کی منظوری دی گئی، جبکہ ابتدائی بچپن کی نشوونما (Early Childhood Development) کے لیے 14 ارب روپے کے بڑے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔ منظور شدہ پروگرام کے تحت پیدائش سے 5 سال تک کے بچوں کو ہر تین ماہ بعد 3 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کی باقاعدہ نگرانی، غذائیت سے متعلق رہنمائی اور تعلیمی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دیہی خواتین کو غیر پیداواری عرصے کے دوران ماہانہ مالی امداد فراہم کی جائے گی تاکہ خاندانوں کی معاشی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت کمزور طبقات، خصوصاً بچوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے سماجی تحفظ کے منصوبوں کو مزید مؤثر اور وسیع بناتی رہے گی۔


