محکمہ موسمیات کا سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ، درجہ حرارت 49 ڈگری تک جانے کا امکان
کراچی(بولونیوز)محکمہ موسمیات نے سندھ کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 11 مئی تک صوبے میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے وسطی اور بالائی اضلاع میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی، جبکہ دادو، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح شہید بینظیر آباد، خیرپور، نوشہرو فیروز اور گھوٹکی میں بھی شدید گرمی اور لو چلنے کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی میں آئندہ تین روزموسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ سمندری ہوائیں درجہ حرارت کی شدت میں اضافہ کریں گی۔کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے اور ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔


