امریکا کو ایران میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا ہرجانہ ادا کرنا ہو گا
تہران(بولونیوز)مشیر سپریم لیڈر محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کو نقصانات کا ازالہ کیے بغیر اس بحران سے نکلنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو آبنائے ہرمز میں من گھڑت منصوبے سے فرار کی اجازت نہیں دی جائےگی، امریکا ڈرامائی انداز میں منظر سے ہٹنا چاہتاہے لیکن ایران امریکا کے کسی بھی ہتھکنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
محسن رضائی نے کہا کہ بالواسطہ مذاکرات کا فائدہ ایران کو ہر صورت ملنا چاہیے امریکا کو ایران میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کا ہرجانہ ادا کرنا ہو گا۔مشیر ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکی فوج چاہےخطے سے واپس چلی جائے ہم اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے پریس ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ تہران امریکی تجاویز پر غور کر رہا ہے، کسی نتیجے پر پہنچنے کے بعد پاکستان کو اپنا مؤقف بتائیں گے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات ایک حساس مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران، واشنگٹن کی جانب سے پیش کردہ 14 نکاتی امن تجاویز کا جائزہ لے رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگ کی تمام ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے، پوری دنیا جانتی ہے یہ جنگ امریکا نے مسلط کی ہے۔ انھوں نےکہا امریکا کا منصوبہ ایران کوکمزورکرکے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا تھا لیکن ایرانی قوم کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گی۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی فوج کے اقدامات قانونی ہیں-


