وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بڑا فیصلہ، جولائی تک 27 شہروں میں نئے سہولت بازار قائم کیے جائیں گے

لاہور(بولونیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے جولائی تک 27 شہروں میں نئے سہولت بازار قائم کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 سہولت آن دی گو بازار بھی قائم کیے جائیں گے، جبکہ شہریوں کو 5 کلومیٹر کے دائرے میں فری ہوم ڈیلیوری کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

نئے سہولت بازاروں میں اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد اور ڈی سی ریٹ سے 18 فیصد کم نرخ پر سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں گی۔پراجیکٹ کے تحت بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفرگڑھ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک اور جہلم کی تحصیلوں میں نئے سہولت بازار قائم کیے جائیں گے۔اسی طرح خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔

مزید یہ کہ لاہور، جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں میں سہولت آن دی گو بازار بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *