گیس، بجلی اور پانی کی بندش پر پی ٹی آئی کراچی کا شدید ردعمل، فوری اقدامات کا مطالبہ
کراچی(بولونیوز)گیس، بجلی اور پانی کی غیر اعلانیہ بندش کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی کےمطابق شہر میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہری زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے، جبکہ بجلی، گیس اورپانی کی مسلسل بندش کےباعث گھریلووکاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثرہورہی ہیں اورعوام ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔پی ٹی آئی کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بنیادی شہری مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں، جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ وہ صرف دعووں تک محدود ہیں اور عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ 18 برسوں سے سندھ حکومت کے پاس اقتدار ہونے کے باوجود کراچی کو مسلسل نظر انداز کیا گیا، جس کے باعث شہر کا انفراسٹرکچر تباہی کا شکار ہے، سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں اور معمولی بارش میں نکاسی آب کا نظام ناکام ہو جاتا ہے۔
پی ٹی آئی کراچی نے مؤقف اختیار کیا کہ بجلی اور گیس کے شعبوں میں لائن لاسز اور غیر قانونی کنکشنز کے باعث اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے،جبکہ پانی کی شدید قلت شہریوں کوبنیادی ضرورت سےمحروم رکھےہوئے ہے۔آخر میں پاکستان تحریک انصاف کراچی نے مطالبہ کیا کہ بجلی،گیس اورپانی کی فوری بحالی یقینی بنائی جائےاورشہریوں کوریلیف دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، کیونکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ذمہ داری ہے۔ پارٹی نے یہ بھی اپیل کی کہ شہری مسائل کے حل اور شفاف گورننس کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


