پی سی بی کا اعلان، کراچی میں پی ایس ایل کوالیفائر میچ کی ٹکٹوں کی تفصیلات جاری
اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے کوالیفائر میچ کی ٹکٹوں سے متعلق اہم معلومات جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پلے آف مرحلہ کل سے شروع ہوگا، جہاں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائر میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ اہم میچ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق شائقین ٹکٹیں آن لائن پورٹل https://pcb.tcs.com.pk سے ای ٹکٹس کی صورت میں خرید سکتے ہیں۔ ای ٹکٹس رکھنے والے افراد اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے موبائل پر ٹکٹ اسکین کروا سکتے ہیں یا پرنٹ شدہ کاپی ساتھ لا سکتے ہیں۔
ٹکٹوں کی قیمت تمام انکلوژرز کے لیے صرف 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ کراچی میں فزیکل ٹکٹس نیشنل بینک اسٹیڈیم کے سامنے واقع چائنہ گراؤنڈ میں ٹی سی ایس باکس آفس سے دستیاب ہوں گی۔
پی سی بی کے مطابق ای ٹکٹس کی فروخت آج رات سے شروع ہوگی جبکہ فزیکل ٹکٹس کل صبح سے دستیاب ہوں گی۔ شائقین کرکٹ میں میچ کے حوالے سے خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔


